مجھے یاد ہے زرا زرا 2
مجھے یاد ہے سب ذرا ذرا۔۔۔ (۲)
تحریر: ڈاکٹر یونس خان
گذشتہ آرٹیکل میں ہم نے یاداشت بہتر بنانے کے درج ذیل چھ اصول پڑھے تھے۔
1۔ انتشارِ توجہ سے گریز
2۔ فعال جانچ اور دہرائی
3۔ کثیر نشستی مطالعہ
4۔ کئی مراحل کی آمیزش
5۔ بصری و سمعی یاداشت
6۔ کہانی اور نیمونکس
زیرِ نظر آرٹیکل میں مزید اصولی طریقے پیش کئے جا رہے ہیں۔
1۔ جسمانی ورزش
دماغ جو کہ یاداشت کا مرکز و منبع ہے، جسم کا سب سے زیادہ فعال حصہ اور آکسیجن کا سب سے بڑا کنزیومر بھی ہے۔ چناچہ جب آپ ایکسرسائز کرتے ہیں تو دماغ کی کارکردگی حیرت انگیز طور پر بڑھتی ہے۔
یہ غلط فہمی دل سے نکال دیجئے کہ ورزش کی ضرورت صرف اتھلیٹس، باڈی بلڈرز اور اسٹیمنا بہتر بنانے والوں کو ہوتی ہے۔ ورزش بچوں، بڑوں، بوڑھوں، مردوخواتین سب کی یکساں ضرورت ہے۔ اور بڑھاپے میں تو یہ بہت اہمیت اختیار کر جاتی ہے۔
سب سے بہترین ورزش تیز رفتاری سے کم ازکم تیس منٹ روزانہ پیدل چلنا ہے۔ آپ شروع کیجئے اور پہلے ہی دن سے شاندار تبدیلیوں کا لطف اٹھائیے۔
2۔ تنہائی اور غوروفکر
دن میں کچھ وقت بالکل تنہا اپنے ساتھ گزارئیے۔ چاہے مراقبہ کریں یا عبادت کریں مگر کامل ذہنی سکون کے کچھ ایسے پل ضرور گزاریں جو آپ کو دنیا کی فکروں سے بالکل آزاد کر کے شانت کردیں۔
کچھ نیا سوچیں، اپنی دلچسپی کے موضوعات کا مطالعہ کریں اور ان پر غور فکر کریں۔ کائنات اور انسان پر غوروفکر کریں۔
فطرت کا بغور مشاہدہ اور مطالعہ کریں۔ مکڑی، چیونٹی، مکھی، پرندے، دیگر جانور اور پودے، پھول، پھل، پتے آپ کے ارد گرد ہیں اور آپ کی توجہ کے منتظر ہیں۔
3۔ الٹا چلنے کی مشق
دن میں ایک یا دو مرتبہ چند منٹ کے لئے الٹے قدموں پیچھے کی طرف چلئے۔ اس سے دماغ کے اہم حصے، ہپوکیمپس کو تحریک اور نشونما ملتی ہے جو کہ یاداشت کا بنیادی حصہ ہے۔ اس سے آپ کی مختصر مدتی یاداشت بہتر ہوتی ہے اور بڑھاپے میں ڈیمینشیا کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
4۔ متوازن غذا
متوازن غذا جسم اور دماغ کی تمام ضروریات پورا کرتی ہے اور اعصابی خلیے کسی قسم کی غذائی قلت کا شکار نہیں ہوتے۔ روزانہ تقریباً بیس گرام ڈرائی فروٹ، دو سو گرام پھل اور ڈیڑھ سو گرام سلاد مثلاً ٹماٹر، کھیرا، ککڑی، مولی، گاجر، پیاز، شلجم، چقندر وغیرہ استعمال کریں۔ اس کے علاوہ دودھ، انڈہ، بغیر چھنا ہوا آٹا، آپ کی جسمانی و ذہنی صحت کا ضامن ہے۔
سب سے زیادہ ضروری شے مچھلی ہے۔ ہفتے میں کم از کم ایک یا دو بار ضرور استعمال کریں۔ اس میں موجود اومیگا-3 دماغی صحت کے لئے اکسیر کی مانند ہے۔
5۔ مصروف شیڈول
اپنے روز مرہ امور کا شیڈول زیادہ سے زیادہ با مقصد اور مصروف رکھیں۔ اس سے سستی، کاہلی اور وقت ضائع کرنے کی عادت آپ کے قریب نہیں پھٹکے گی۔
عموماً ریٹائرمنٹ کے بعد انسان زیادہ ذہنی مسائل کا شکار ہوتا ہے۔ لھذا اپنے آپ کو کبھی ریٹائر نہ ہونے دیں۔ ایک کے بعد ایک ہدف، ایک کے بعد ایک مقصد مقرر کرتے رہیں۔
6۔ رات کی دہرائی
دن بھر کے تمام مطالعے کو رات سونے سے پہلے، ذہن ہی ذہن میں دہرانے کی عادت ڈالئے۔ اس سے یہ ہو گا کہ آپ مزے سے سوتے رہیں گے اور آپ کا دماغ سب کچھ ریوائز کرنے میں مصروف رہے گا۔ سونے سے ایک گھنٹہ پہلے موبائل یا ٹی وی دیکھنا چھوڑ دیجئے۔
7۔ جسمانی صفائی
دن میں ایک مرتبہ ضرور نہائیں۔ دانتوں اور منہ کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ پان، سگریٹ وغیرہ سے دور رہیں۔ اچھے پرفیوم کا استعمال کریں۔ بال اور ناخن عمدہ حالت میں رکھیں۔ آپ کو حیرت ہو گی مگر یہ تمام امور دماغی صحت اور اچھی یاداشت کے لئے بہت مفید ہیں۔
8۔ مناسب نیند
چوبیس گھنٹے میں سات سے آٹھ گھنٹے کی پرسکون نیند ہماری یاداشت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ہمیں بہت سے عوارض سے دور رکھتی ہے۔ رات کو دیر تک مت جاگیں۔ جلدی سونے اور جلدی اٹھنے کا اہتمام کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گذشتہ قسط کا لنک
https://www.facebook.com/815328261969912/posts/1304203419749058/
Comments
Post a Comment